ایران دہشتگردی کو اسپانسر کرنے والا بڑاملک ہے،سعودی عرب

207

سعودی وزیر خارجہ عادل اجبیر کا کہنا ہے کہ ایران دنیا میں دہشتگردی کو اسپانسر کرنے والا بڑا ملک ہے ، مشرق وسطیٰ کے خطے میں عدم استحکام سے دوچار کرنے والی ایک قوت ہے اور وہ ہمیں تباہ کرنا چاہتا ہے ۔

ایران کی طرف سے مکالمے کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے ایران پر یہ سنگین الزامات جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں تقریر کے دوران عاید کیے ہیں۔ عادل الجبیر نے کہا کہ ایران مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں افراتفری چاہتا ہے اور جب تک ایران اپنے رویے اور کردار میں تبدیلی نہیں لاتا ہے،اس وقت تک اس کے ساتھ کوئی معاملہ کرنا بہت مشکل ہوگا۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران شامی صدر بشارالاسد کی حکومت کی پشت پناہی کرتا چلا آرہا ہے ، یمن میں حوثی علحیدگی پسندوں کی مالی معاونت کررہا ہے اور پورے خطے میں تشدد پسند گروپوں کی حمایت کررہا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ایران کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے واضح ”سرخ لکیریں” وضع کرنا ہوں گی۔