چارسدہ ضلع کچہری میں خودکش حملہ،7افرادجاں بحق،3دہشتگرد ہلاک

153

چارسدی میں تنگی بازار کی ضلع کچہری میں دو دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 4 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگردی مارے گئے ہیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق تین خود کش حملہ آوروں نے ضلع کچہری پر حملہ کیا۔

ڈی پی او سہیل خالد کا کہنا ہے کہ تین دہشتگردوں نے ضلع کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سخت سیکورٹی کی وجہ سے ایک دہشتگرد نے کچہری کے دروازے پر خود کو دھماکے اڑا لیا جبکہ دیگر دو دہشتگرد سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں ۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس ، ایف سی اور ریسکیو ٹیموں کی بھاری نفری ضلع کچہری پہنچ گئی ۔ پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ ریسکیوٹیمیں لاشوں کو زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہی ہیں ۔ تنگی اسپتال کے ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تین افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

ڈی پی او چارسدہ کا کہنا ہے کہ سیکوڑٹی سخت ہونے کی وجہ سے دہشتگردی نے دھماکہ کچہری کے دروازے پر کیا ہے ۔ پولیس اور ایف سی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہے ۔

ڈی آئی جی مردان کا کہنا تھا کہ ایک دہشتگرد کو مرکزی گیٹ اور دو کو کچہری کے اندر فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ۔

رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسف زئی  کے مطابق  مہمند ایجنسی  سے آنے والے چار دہشت گردوں نے تنگی کچہری پر حملہ کیا سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک دہشت گرد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہیں سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ فائرنگ اور دھماکے کے باعث ججز اور وکلا حضرات محفوظ ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کچہری کو گھیرے میں لے لیا ۔سیکیورٹی حکام کی جانب سے کسی بھی شخص کو جائے وقوعہ کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی  تھی جبکہ میڈیا کو بھی جائے وقوعہ سے دور کردیا گیا ۔ عدالت میں موجود وکلا اور دیگر افراد نے دیوار پھلانگ کر جانیں بچائیں۔

وزیرصحت کے پی شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ چارسدہ اور پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر طاہر ظفر کا کہنا ہے کہ تین خودکش حملہ آوروں نے کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی ، تاہم پولیس اور سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کو مقابلہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا ہے ۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کی جگہ پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔