دہشت گردوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے، شہریار خان

121

پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔ غیرملکی کھلاڑی لاہور آنے کو تیار ہیں، سب کو فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ  سکیورٹی رسک ضرور ہے لیکن دہشتگردوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے۔ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد کیلئے پچز کی تیاری اور آئوٹ فیلڈ سے گھاس کی کٹائی جاری ہے۔  شہریار خان نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور ہی میں ہو گا اور اگر یہ ہو گیا تو دنیا میں پاکستان کی مثبت تصویر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فائنل لاہور میں ہونا بڑا اہم اور خوش آئند اقدام ہے اور اس سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔شہریار خان نے کہا کہ کافی غیر ملکی کھلاڑی لاہور میں آئیں گے، سیکیورٹی اداروں پر یقین ہے کہ بہتر انتظامات کریں گے اور اس مقصد کیلئے پی سی بی کو حکومت، پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس سب کا تعاون حاصل ہے ۔

چیئرمین شہریار خان  کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑی لاہور آنے کو تیار ہیں، سب کو فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت جلد شروع ہو جائے گی البتہ ابھی سے پاسز کے لئے فون کالز آ رہی ہیں۔پچاس فیصد سے زائد غیرملکی لاہور آنا چاہتے ہیں جنہیں فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔

دوسری جانب سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سفارشات پیش کیں۔کرکٹ سٹیڈیم میں کرکٹ میلے کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ سٹیڈیم کو دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل فائنل کے لئے قذافی سٹیڈیم میں رنگ و روغن اور تزئن و آرائش بھی ہونے لگی ہے۔