شدید بارشوں کے باعث دریاﺅں میں سیلابی صورتحال

244

ملک بھر میں شدید بارشوں کے باعث دریائے سندھ سمیت تمام دریاﺅں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

سیلاب کی اطلاع دینے والے مرکز کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں شدید بارش کے باعث تمام دریا بھپرے پڑے ہیں جبکہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 44 ہزار 832 کیوسک، دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کا بہاﺅ پانچ ہزار 613 کیوسک تک ہے۔

دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال ہے اور دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اور گڈو کے مقام پر طغیانی کی صورتحال ہے جبکہ گھوٹکی کے علاقے رامکی میں چار دیہات پانی کے ریلے میں بہہ گئے ہیں جبکہ گڈو کے مقام پر 50 دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ سیلاب کے باعث سینکڑوں افراد گھروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں جبکہ چشمہ بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے کے نتیجے میں 50 میں سے 42 سپیل ویز کھول دیئے گئے ہیں۔