عمران خان نے سیاست میں جھوٹ اور بہتان کا کلچر متعارف کروایا،خواجہ سعد رفیق

135

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کے سیاست میں آنے کے بعد الزامات، جھوٹ اور بہتان کا ایک نیا دور شروع ہوا، عمران خان دباؤ ڈال کر اور جھوٹ بول کر مرضی کے فیصلے لینے کے عادی ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف نے کبھی قانون اور میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ زیادہ دور کی بات نہیں، پٹیشنر نے یہ کیس عدالت کی بجائے میڈیا میں لڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ سیاسی کیس ہے، اس کو قانونی بنیادوں پر نہیں لڑا گیا، اگر ہمارے مخالفین مقدمہ لڑنے میں سنجیدہ ہوتے تو یقیناً پاکستان کے چوٹی کے وکلاء کا انتخاب کرتے جس طرح مسلم لیگ (ن) نے کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے وکیل باصلاحیت ہیں جبکہ پٹیشنر کے وکلاء کا شمار کبھی ملک کے چوٹی کے وکلاء میں نہیں ہوا، تمام کیس سیاسی بنیادوں پر لڑا گیا ہے اور یہ عمل انتہائی افسوسناک ہے کہ لوگوں کے ذہنوں کو گمراہ کرنے اور عدالت کو دباؤ میں لانے کی مسلسل کوشش کی گئی۔

سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کے تجزیہ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ صرف اداروں کو دباؤ میں لانے اور مرضی کے فیصلے لانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں، وہ نیب، الیکشن کمیشن، عدالت اور پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرتے اور توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جھوٹ بولنا اور تمسخر اڑانا صرف پاکستان میں ہی نہیں ہے، پوری دنیا کے سیاستدان ایسا کرتے ہیں لیکن عمران خان کے سیاست میں آنے کے بعد الزامات، جھوٹ اور بہتان کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے، نئے نئے چہرے سامنے آ رہے ہیں جن کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں، کالے چشمے لگا کر پھرنے والوں سے پوچھا جائے کہ سیاست یا آمریت کے ادوار میں آپ کا کیا کردار تھا تو ان کا جواب نفی میں آتا ہے۔