قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا ہے کہ ٹیم میں واپسی کیلئے بے تاب ہیں جب بھی موقع ملا تو پہلے سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔
اپنے ایک بیان میں قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ٹیم سے دوری میرے لئے بہت تکلیف دہ ہے لیکن میرے حوصلے بلند ہیں اور میں بہت جلد ٹیم میں کم بیک کیلئے پر عزم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے غلطیوں سے سبق سیکھا ہے، سابق کھلاڑیوں کی راہنمائی کی وجہ سے میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنائے، وسیم بھائی اور انضمام الحق نے مجھے مثبت رہنے کا کہا، انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کرنے کے بعد پہلے سے بہتر پرفارم کروں گا اور شائقین مجھے مختلف انداز میں دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں فیملی اور دوستوں نے بہت ساتھ دیا جس کی وجہ سے میرے حوصلے پست نہیں ہوئے اور اب ٹیم میں نہ صرف کم بیک کرنا بلکہ اپنی جگہ مستقل کرنا ہدف ہے اور میں سخت محنت کے سلسلے کو جاری رکھوں گا۔