ہنگری 2024ء اولمپکس گیمز کی میزبانی سے دستبردار

167

ہنگری نے 2024ء میں شیڈول اولمپکس گیمز کی میزبانی کی دوڑسے دستبردار ہوگیا۔ ہنگری نے عوام کے شدید احتجاج کے باعث یہ فیصلہ کیا۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق  ہنگری کے ڈھائی لاکھ سے زائد لوگوں نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر پلان کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایونٹ کی میزبانی میں رقم خرچ کرنے کی بجائے اسپتالوں اور سکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنائے۔ ہنگری تیسرا ملک ہے جو میگا گیمز کی میزبانی کی بڈ سے دستبردار ہوا ہے۔

اس سے قبل ہمبرگ اور روم بھی گیمز کی میزبانی حاصل کرنے کی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے، تین ممالک کی دستبرداری کے بعد اب لاس اینجلس اور پیرس کے درمیان میزبانی حاصل کرنے کا مقابلہ ہو گا، فاتح میزبان کا اعلان رواں سال ستمبر میں کیا جائے گا۔

 ہنگری حکومت نے اولمپکس گیمز کی میزبانی کی بڈ سے دستبرداری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم وکٹر اوربن، بڈاپسٹ کے میئر اور ہنگری اولمپک کمیٹی کے سربراہان نے ملاقات کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا۔