شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اسے ایران کی طرح ایٹمی پروگرام ترک کرنے کیلئے امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کورین وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کا ایٹمی پروگرام ملک کےلئے امریکہ کی خارجہ پالیسی کے خلاف ایک ضروری ڈیٹرنس ہے کیونکہ امریکہ شمالی کوریا کو اپنا حریف سمجھتا ہے۔
شمالی کورین میڈیا پر وزارت خارجہ کے ترجمان سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی صورتحال کا ایرانی ایٹمی معاہدہ سے موازنہ کرنے میں کوئی منطق نہیں ہے کیونکہ ہم امریکی فوج کی متحارب اور اشتعال انگیزیوں بشمول حریف ملک جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ مشقوں اور ایٹمی دھماکوں کی دھمکیوں جیسے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا یکطرفہ طور پر ایٹمی مواد کی تیاری ترک کرنے یا منجمد کرنے کے سلسلہ میں ہونے والے تمام مذاکرات میں کسی قسم کی کوئی دلچسپی نہیں رکھتا ہے۔ شمالی کوریا کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم واضح طور پر ایٹمی طاقت ہیں اور ایٹمی طاقتوں کے اپنے مفادات ہوتے ہیں۔