افغانستان ،داعش اور طالبان کے حملے میں 13افراد ہلاک

216

افغانستان میں داعش اور طالبان کے حملے میں 10پولیس اہلکار وں اور 2طلبا سمیت 13افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسزکے آپریشن میں داعش کے 6اہم رہنماؤں سمیت 47شدت پسند ہلاک اور 25دیگر زخمی ہوگئے ۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان حکام نے بتایا ہے کہ شمالی صوبے جوزجان میں ایک مسجد سے نکلتے نمازیوں پر کیے گئے حملے میں کم از کم10 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ اس حملے میں ہلاک ہونے والے ایک پولیس افسر کی خبر سن کر جائے واردات پر پہنچنے والی ان کی بیوی کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

 جوزجان کے گورنر کے ترجمان نے حملہ آوروں کا تعلق اسلامک اسٹیٹ سے بتایا ہے۔ دوسری جانب طالبان کی جانب سے داغے گئے ایک راکٹ کی زد میں آ کر 2 طلبہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ راکٹ حملہ مشرقی صوبے لغمان کے ضلع علین گار میں کیا گیا۔ خیال ہے کہ راکٹ اصل ہدف کی بجائے ایک اسکول میں جا گرا تھا۔

دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار میں سیکورٹی فورسزکے آپریشن میں داعش کے 6اہم رہنماؤں سمیت 47شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں داعش کے 6اہم رہنما اور 41دیگر عسکریت پسند مارے گئے ۔

افغان نیشنل آرمی کی201صلیب کور کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند ضلع ہیسکا مینا میں ہلا ک ہوئے ۔حکام کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران 25شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔آپریشن زمینی اور ایئرفورس نے مشترکہ طور پر کیا۔افغان سیکورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ ،گولہ بارود بھی تباہ کردیا۔