امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا خفیہ دورہ شام

220

امریکا کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے انتہائی خفیہ انداز میں شمالی شام کا دورہ کیا جہاں انھوں نے کرد علاقے میں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے مرکزی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے انتہائی خفیہ انداز میں شمالی شام کا دورہ کیا ہے۔ چوبیس فروری کو جنرل ووٹل نے شمالی شام کے کرد علاقے میں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے مرکزی نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

اس شامی باغی گروپ کے ترجمان طلال سیلو نے بتایا کہ امریکی جنرل کے ساتھ شام کی مجموعی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ڈی ایف کی عسکری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیلو نے بتایا کہ امریکی جنرل نے مستقبل میں بھاری ہتھیار فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

انہوں نے امریکی جنرل کے دورے کو انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کو امریکی حمایت حاصل ہے اور یہ صدر بشارالاسد کی حکومت کے علاوہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف اپنی مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔