نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو اپنی سیکورٹی سے زیادہ عوام کے مسائل کی طرف توجہ دینی چاہیے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کے سیکورٹی سکواڈ میں کروڑوں روپے کی 10 نئی گاڑیوں کے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ لوگ کھانے کے ایک ایک نوالے کو ترس رہے ہیں اور غریب عوام کے حکمران شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں ۔
حافظ محمد ادریس کا کہنا تھا کہ سکواڈ میں شامل ہونے والی نئی گاڑیوں کے لیے قومی خزانے کو کم از کم 50 کروڑ کا مزید بوجھ برداشت کرنا پڑے گا جبکہ حکمران عوام پر بوجھ بن چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں،غریب آدمی تعلیم ، صحت اور روزگار سے محروم ہے کسی کا جان و مال محفوظ نہیں ، ملک میں آئین و قانون کو پامال کیا جارہاہے جبکہ حکمران ملکی اور قومی وسائل کو شیر مادر سمجھتے ہوئے ان کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں ۔