ہمیں پروپیگنڈے کے ذریعے تنہا نہیں کیا جا سکتا،پاکستان 

212

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ہمیں پروپیگنڈے کے ذریعے تنہا نہیں کیا جا سکتا۔ خطے کے ممالک میں باہمی روابط اور تعاون کا سازگار ماحول وزیراعظم کا وژن ہے۔

اسلام آباد میں سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہتر ملک بن چکا ہے۔ ای سی او کا اجلاس پورے خطے کے لئے اہم ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت خطے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ تمام ممالک کے مختلف شعبوں میں اتحاد سے تجارتی مواقع بڑھیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جو تین خطوں کے سنگم پر واقع ہے۔ پاکستان شمالی وسطی اور مغربی ایشیا جیسے تین خطوں کا سنگم ہے۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ وسطی ایشیا وہ خطہ ہے جو لینڈ لاک خطہ ہے اسے سمندر کے پانی اور دیگر مالک کی منڈیوں تک رسائی چاہئے۔ ان کے لئے پاکستان سب سے زیادہ معاشی روٹ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان پورے خطے کے لئے معاشی حب اور راہداری کی حیثیت رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سینٹرل ایشیا ری پبلک میں جو تیل، گیس اور دیگر مساوی ذخائر ہیں۔ ان تک جتنی آسانی سے رسائی پاکستان کے ذریعے ہو سکتی ہے وہ کسی دوسرے خطے سے نہیں ہو سکتی۔ اس کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ اس لئے ای سی او کا اجلاس پورے خطے کے لئے اہم ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او کا تیرھواں اجلاس یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا۔