دہشتگردی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو جائیں،لیاقت بلوچ

221

جماعت اسلامی پاکستان کے  جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے تمام سیاسی جماعتیں ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے اپنے  تمام اختلافات کو ختم کر کے قومی و ملکی مفاد میں دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائیں۔

وہ سیالکوٹ کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں اسلامی نظامت تعلیم کے تخت ہونے والے ٹیلنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر اسلامی نظامت تعلیم پاکستان کے ڈائریکٹر  ہدایت اللہ خان،پنجاب کے ڈائریکٹر شہباز شاہین ،حافظ قیصر ندیم ڈائریکٹر ضلع سیالکوٹ اور جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کے جنرل سیکرٹری میاں عثمان جاوید بھی موجود تھے ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس وقت ملک کی سلامتی کو شدید خطرہ ہے دہشت گردی نے قوم کے اعتماد کو متزلزل کر دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان افغانستان کی سر زمین کو استمعال کر کے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے تاکہ دنیا کی توجہ کشمیر جیسے عالمگیر مسئلہ سے ہٹاء کر پاکستان کو کمزور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی خلاف اپنے تمام  اختلافات کو پس پشت ڈال کر دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک و قوم کے ترقی کے لیے کرپشن اقربا پروری کو حتم کر کے ترقی کی جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ طیب اردگان سے ترکی کی تیز تر ترقی کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں کرپشن کو ختم کر کے اپنی تجارت اور کاروبا رمیں ترقی کی ہے ۔

انہوں نے کہا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک میں ایسے تعلیمی ادارے اور اسپتال بنائے جس میں حکمرانوں اور غریب بچوں کو علاج اور تعلیم کو مواقع ساتھ ساتھ میسر ہوں۔انہوں نے نئی نسل کو کہا کہ تعلیم میں محنت کرکے اخلاق اور تہذہب و کردار کی طااقت سے ہمیں نئی ٹیکنالوجی استمعال کر کے ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا ہونا ہے ۔

انہوں نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے مثبت استمعا ل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہ یہ بات پیش نظر رہنی جاہیے کہ ہم مسلمان ہمارا دین اسلام ہے جو انسان کے کردار اور اخلاق پر بہت زیاددہ زور دیتاہے۔

علاوہ ازیں جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے پارٹی راہنمائوں کے ہمراہ کور پور گائوں میں جا کر دو روز قبل ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو حقیقی بھائیوں کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی اور واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وپنجاب حکومت عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے ۔اور شہریوں کو ڈاکوہلاک کررہے ہیں اور ملزمان کو گرفتار کرنے میں حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے ۔

انہوں نے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے والد مہر محمد خالد سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کرے تاکہ ملزمان کو سزا مل سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی مقتولین کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت اپنی ناقص پالیسیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائے۔