فوجی آپریشن سارے پاکستان میں بلاامتیاز ہونا چاہیے،اے این پی

176

عوامی نیشنل پارٹی کے سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ فوجی آپریشن سارے پاکستان میں بلاامتیاز ہونا چاہیے، پنجاب میں 70 کالعدم تنظیمیں کام کررہی ہیں ، رد الفساد ہماری پالیسی کا حصہ ہے ، اے این پی 4 مارچ کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گی ۔

چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اسفندیار ولی کواے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے اس لئے اے این پی 4 مارچ کو اے پی سی میں شرکت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں فوجی عدالتوں کی توسیع اور پنجاب میں پختونوں کے مسائل زیربحث آئیں گے۔

میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن سارے پاکستان میں بلاامتیاز ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب میں 70 کالعدم تنظیمیں کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے دوران گفتگو دعویٰ کیا کہ ردالفساد آپریشن ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔