متحدہ رہنماءقمر منصور 90روزہ ریمانڈپر رینجرز کے حوالے

225

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے انچارج قمر منصور کو 90روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

سترہ جولائی کو نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے قمر منصور کو رینجرز نے سخت سیکورٹی حصار میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔دوران سماعت قمر منصور کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف تھانہ گڈاپ ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے جب کہ رینجرز انہیں 90روز کے لیے نظربندی مرکز میں رکھنا چاہتی ہے جو سراسر زیادتی اور بدنیتی ہے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اگر ملزم کو مقدمے کا معلوم تھا تو اس نے سرنڈر کیوں نہیں کیا؟ قمر منصور کے وکیل نے جواب دیا ان کا موکل مقدمے کی تفیصلات سے آگاہ نہیں تھا۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قمر منصور کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور ان کا نجی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔

رینجرز کے لاء افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے لہذا اسے رینجرز کی تحویل میں دیا جائے جب کہ ملزم کا علاج بھی کرایا جارہا ہے۔عدالت نے رینجرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے قمر منصور کو 90روز کے لیے ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا جب کہ عدالت نے ملزم کی میڈیکل رپورٹ ایک ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی۔