عراق کے شمالی شہر موصل کے مغربی حصے میں عراقی فوج کے جاری آپریشن کے بعد داعش نے عراقی فوج کو دھوکہ دینے کے لئے ایک نئی حکمت عملی اختیار کی ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق مختلف ذرائع سے ملنے والی اطلاعات سے پتہ چلا ہے کہ داعش نے ہاتھ سے نکل جانے والے علاقوں میں اپنے خفیہ سیل رات کی تاریکی میں متحرک کیے ہیں تاکہ عراقی فوج کو دھوکہ دے کر جانی نقصان سے دوچار کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موصل کی مشرقی ساحلی پٹی میں غروب آفتاب کے بعد بجلی بند کر کے مکمل طور پر اندھیرا کیا گیا۔ تاریکی میں ڈوبے علاقوں میں داعش کے عناصر نے لوٹ مار، قتل وغارت گری اور علاقہ چھوڑنے کی کوشش کرنے والے شہریوں میں دھمکی آمیز تحریری پیغامات تقسیم کرنا شروع کئے ۔ان پیغامات میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ علاقہ نہ چھوڑیں، نقل مکانی کرنیوالوں کو قتل کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔