بھارت کشمیر میں حالات بگاڑنے کی پالیسی پر گامزن ہے ،حریت کانفرنس

218

مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ضلع پلوامہ اور جنوبی کشمیر کے مختلف دیہات میں چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نہتے کشمیریوں کی گرفتاریوں کو قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قراردیتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ حالات کو بد سے بدتر بنانے پرتلی ہوئی ہے اورکشمیرکو مزید غیر یقینیت کی طرف دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے۔

انہوں نے بھارتی فوج کے سربراہ کی حالیہ دھمکیوں، نوجوانوں کی گرفتاریوں اور مستقبل کے حالات سے متعلق بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے پھیلائی جانیوالی افواہوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی پالیسی ساز جموں و کشمیر میں رواں سال ایک اور خون ریزی کا اسٹیج تیار کر رہا ہے اورحالات کو کشیدہ کر کے ریاست کی معیشت کو تباہ کرنا چاہتا ہے تاکہ کشمیری محتاج ہوکر اپنے آزادی کے مطالبے سے دستبردار ہوجائیں۔

 انہوں نے کہاکہ یہ ’’ڈوول حکمت عملی‘‘ کہلاتی ہے اور بھارتی وزارتِ داخلہ کی منظوری کے بعد اس پر کشمیرمیں عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمت عملی کے تحت زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو گرفتار کرکے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیلوں میں منتقلی، آزادی پسند قیادت کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں پھنسا نا، بھارتی فورسز کو مزید متحرک کرنا، میڈیا پر پابندیاں لگانا اور مساجد اور مدارس میں سرکاری مولویوں کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے۔

حریت ترجمان نے کہاکہ ڈوول حکمت عملی پر کشمیر میں عمل درآمد کا آغاز کردیا گیا ہے اور پوری مقبوضہ علاقے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اور بھارتی فورسز نے ظلم وجبر اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سازشی حکمت عملی کا مقصد کشمیریوں کو ردعمل ظاہر کرنے پر مجبور کرنا ہے تاکہ بھارت کو گزشتہ سال کی طرح انکے قتل عام اور معیشت کو تباہ کرنے کا جواز مل جائے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت اس بات پر سخت پریشان ہے کہ تمام تر ظلم و جبرکے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور نہیں کیا جاسکا اوراس نے قلیل مدّتی اور طویل المدّتی پالیسیاں ترتیب دی ہے، جن کے تحت پہلے مرحلے پر افواہوں کے ذریعے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کی جارہی ہے اور بڑے پیمانے پر نوجوانوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے۔ حریت ترجمان نے کہاکہ کشمیری بھارت کے جبری قبضے سے آزادی کیلئے جائز اورحق پر مبنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں پر زوردیا کہ وہ بھارتی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور حریت قیادت کی طرف سے جاری پروگراموں کو بھرپورشرکت کے ذریعے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہ پر یقین نہ کریں اور صرف مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری پروگراموں پر عمل کریں۔