سعودی عرب اور ملائشیا کے درمیان تجارتی معاہدوں پر دستخط

202

سعودی عرب اور ملائشیا نے دوطرفہ تعاون سے متعلق مفاہمت کی چار یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ سمجھوتے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورے کے دوران طے پائے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مفاہمت کی پہلی یادداشت تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے سے متعلق ہے اور اس پر سعودی عرب کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اور موجودہ وزیر مملکت ابراہیم عبدالعزیز العساف اور ملائشیا کے وزیر صنعت وتجارت داتو سری مصطفیٰ بن محمد نے دستخط کیے ہیں۔مفاہمت کی دوسری یادداشت روزگار اور انسانی وسائل کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق ہے۔

اس پر سعودی عرب کے وزیر محنت علی بن نصر الغافس اور ملائشیا کے وفاقی وزیر برائے انسانی وسائل داتو رچرڈ رائٹ جائم نے دستخط کیے ہیں۔دریں اثناء ملائشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو سات ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔

اس سے تیل صافٰ کرنے کا ایک کارخانہ لگایا جائے گا اور یہ اس ملک میں کسی بیرونی کمپنی کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ایک ماہ کے طویل غیرملکی دورے کے پہلے مرحلے میں کوالالمپور پہنچے تھے۔

وہ ملائشیا کے بعد پڑوسی ملک انڈونیشیا ،برونائی دارالسلام ،جاپان ،چین ،مالدیپ اور اردن جائیں گے اور ان ممالک کے لیڈروں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔