پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام دشمن ہے، حافظ نعیم الرحمان

226
Hafiz Naeem ur Rehman (file foto)

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر مزید 1روپے 71پیسے فی لیٹر اضافے تک کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کا ایک اور عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ قراردیا ہے اورکہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہونے کے باوجود حکومت نرخوں میں مسلسل اضافہ کررہی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عوام وزیر خزانہ سے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کو اصل لاگت سے دوگنا فروخت کرکے عوام پر کیوں اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے۔

حافذ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام براہ راست متاثر ہوتے ہیں جس کا اثر اشیائ صرف اور ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں بھی اضافے کی صورت میں سامنے آتا ہے ۔قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دو ماہ میں مسلسل چوتھی مرتبہ قیمتوں میں اضافہ سے عوام میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔ عوام اس مسلسل اضافے کے متحمل ہرگز نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہاکہ عوام پہلے ہی کے الیکٹرک اور نادر ا کے مظالم سے پریشان ہیں۔ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے راتوں کو لمبی قطاروں میں لگ کر شدید مصائب سے دو چار ہوکر ٹوکن حاصل کیاجاتا ہے ۔کے الیکٹرک نے اووربلنگ، بوگس بلنگ اور غلط ریڈنگ کے ذریعے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے دوسری طرف حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں ترک کر کے عوام کو ریلیف فراہم کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے ۔