پاکستان میں کسی سیاسی حکومت کا نہیں بلکہ مٹھی بھر کرپٹ سیاستدانوں کا راج ہے،راشد نسیم

361

نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی سیاسی وجمہوری حکومت کا نہیں بلکہ مٹھی بھر کرپٹ سیاستدانوں کا راج ہے جو باربار پارٹیاں بدل کرملک وقوم کو لوٹتے رہتے ہیں۔ ہرسیاسی پارٹی کواپنی جماعتوں سے چور لٹیروں کو باہر نکال کرکرپشن سے پاک سیاست کے فروغ کیلئے سرجوڑ کربیٹھنا ہوگا۔ملک میں ہونے والی معمولی بارش نے فرسودہ نظام اورکرپٹ قیادت کے تمام دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔کاش کراچی میں امن امان کی بحالی،بوری بندلاشوں، قتل وغارت گری،بجلی،گیس اورپانی بحران پر بھی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا جاتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لیاری زون کے تحت موسیٰ لین لیاری میں فیملی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر حافظ عبدالواحد شیخ،نائب امیرمولانا کاشف شیخ اورمقامی امیر سید طاہراکبر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب لیاری سمیت سندھ کے عوام کی قسمت کے فیصلے سندھ کی بجائے دبئی میں ہوں گے۔ ایک طرف پیپلزپارٹی کے اپوزیشن لیڈر سے لیکر وزیر اعلیٰ سندھ تک کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں تو دوسری طرف کرپٹ لوگوں کو محفوظ راستہ فراہم کرکے احتساب سے بچایا جا رہاہے۔ کرپٹ بیوروکریسی کو ہٹانے اوروزراءکے محکمے بدلنے سے مسائل حل نہیں بلکہ گوڈ گورننس کے قیام کیلئے کرپٹ افسران اوروزراءکو عدالتی کٹہرے میں لاکر کڑا احتساب ناگزیر ہے۔قومی سلامتی سمیت ملک وقوم کو تمام بحرانوں سے صرف اہل ودیانتدار قیادت ہی نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر حافظ عبدالواحد شیخ نے کہا کہ رب کی بڑائی کو قائم کئے بغیرملک ترقی ،دنیا امن اورانسانیت سکھ وچین حاصل نہیں کرسکتی۔بقیہ سال کے گیارہ مہینے رمضان کی طرح گذارے جائیں تو دنیا جنت بن جائے ورنہ بھوک وپیاس کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس لیئے تو رمضان المبار کو انسانیت کوتقویٰ اختیار کرنے کی ٹریننگ اختیار کرنے کا مہینہ کہا گیا۔