افغان ڈپٹی چیف آف اسٹاف کی پاک افغان بارڈر کھولنے کی درخواست

227

افغانستان نے پاکستان سے سرحد پر کشیدگی کم کرنے اور کراسنگ پوائنٹس کھولنے کی درخواست کر دی ہے جبکہ پاکستان نے کہا ہے کہ  افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنا چاہئیں، دہشت گردوں کی آمد و رفت کو روکنے کے لئے سرحد کو بند کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر سید ابرار حسین نے افغان وزارت خارجہ کی دعوت پر افغانستان کے ڈپٹی چیف آف سٹاف جنرل مراد علی مراد سے ملاقات کی۔ افغان وزارت دفاع میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان کے دفاعی اتاشی بریگیڈیئر فاروق زمان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں جنرل مراد علی مراد نے سرحد پر کشیدگی کم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان کراسنگ پوائنٹس کھولنے کی درخواست کی۔ سرحد بند ہونے اور پاکستان کی طرف سے شیلنگ کے نتیجے میں عوام کے متاثر ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ معلومات کے تبادلے کے نتیجے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرینگے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفیر سید ابرار حسین نے اس کے جواب میں پاکستان کی طرف سے لئے گئے اقدام کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ حملوں میں افغان باشندے ملوث ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنا چاہئیں۔

نفیس زکریا کے مطابق پاکستانی سفیر نے بتایا کہ دہشت گردوں کی آمد و رفت کو روکنے کے لئے سرحد کو بند کیا گیا ہے۔ بارڈر مینجمنٹ کو مضبوط بنانے کے لئے دونوں ملکوں کی طرف سے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان کی درخواست اسلام آباد کو پہنچا دیں گے۔