وزیراعظم سے ترکمانستان کے صدر کی ملاقات

170

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکمانستان کے ساتھ توانائی اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے اور (ترکمانستان‘ افغانستان‘ پاکستان‘ بھارت) تاپی گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدیوف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی‘ جنہوں نے ای سی او کے 13ویں سربراہ اجلاس کے بعد بدھ کو یہاں ان کے ساتھ ملاقات کی۔ پاکستان نے پہلے ہی لیپس لازولی کوریڈور اور سنٹرل ایشیا ۔ مڈل ایسٹ کوریڈور میں شمولیت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم نے ای سی او کے سربراہ اجلاس میں شرکت اور اس کی تجاویز کے لئے گرانقدر کردار پر ترکمانستان کے صدر سے اظہار تشکر کیا۔

سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے ترکمانستان کے صدر نے کہا کہ انہیں سربراہ اجلاس کے نتائج پر بڑی خوشی ہے جس میں ای سی او کے مستقبل کی ترقی کے لئے راہ کی نشاندہی کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے نومبر 2016ءمیں اپنے اشک آباد کے انتہائی مفید دورے کا ذکر کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس دورے کے دوران اٹھائے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور ان کے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترکمانستان کے صدر نے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا۔