پختونوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے ،جماعت اسلامی

195

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے مطالبہ ہے کہ حکومت امریکہ کو خوش کرنے کے بجاے بلاجواز پرامن پختونوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے اور محب وطن پاکستانی بنگالیوں کو شناختی کارڈ کا فوری اجراء کیا جائے ،آئی جی سندھ پولیس میں شامل کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کاروائی کریں اور عوام کو تحفظ فراہم کریں ،نادرا اپنا قبلہ درست کرے ورنہ جماعت اسلامی نادرا کے خلاف احتجاجی دھرنا دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے JIیوتھ غربی کے تحت کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر کراچی محمد اسحاق خان ، امیر ضلع غربی عبد الرزا ق خان ، نائب امیر ضلع فضل احد ، سابق ایم این اے لئیق احمد خان ، JIیوتھ سندھ کے صدر فرہاد گل ، JIیوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ نظامت کے فرائض JIیوتھ ضلع غربی کے صدر انعام الرحمن نے انجام دیے ۔اس موقع پر ضلع غربی یوسی 4کے چیئرمین عبد الصمد خان ، یوسی 14کے چیئرمین نواز خان ،نائب قیم ضلع غربی گل رحیم ، اور دیگربھی موجود تھے ۔

مظاہرے میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ز اٹھائے ہوئے تھے جس میں پولیس گردی اور نادراکے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔پولیس کی غنڈہ گردی اور چادر اور چار دیواری کی پامالی بند کی جائے ، کے الیکٹرک کی اوور بلنگ اور بدمعاشیاں نامنظور ،نادرا کا لسانی تعصب نامنظور شامل تھے ۔مظاہرے میں شرکاء کی جانب سے سندھ حکومت اور پولیس گردی کے خلاف زبردست نعرے بھی لگائے گئے۔

 اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ آج قوم میں شعور موجود ہے جو اپنے حقوق لینا جانتی ہے اگر نواز شریف کا شناختی کارڈ بنتا ہے تو ہر پاکستانی کا شناختی کارڈ بننا چاہیے۔ جتنا صدر مملکت ممنون حسین پاکستان کے وفادار ہیں اتنے ہی پختون بھی وفادار ہیں ۔اگر ردالفساد کو کامیاب بنانا ہے تو پاکستانی بنگالیوں سابقہ مشرقی پاکستانیوں اور پختونوں کو بلاجواز تنگ کرنے کے بجاے انہیں شناختی کارڈ جاری کئے جائیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب ریاست بڑی ریاستوں کی آلہ کار بن جائے ، ریاست اورحکومت کے لوگ عوام کو آپس میں لڑوانے لگیں تو اس صورت میں کسی صورت امن قائم نہیں ہوسکے گا ۔پختون محب وطن ہیں پختونوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جاے ۔پختون عوام کے خلافKPKاور فاٹا میں آپریشن پر آپریشن کیے گئے لیکن پختونوں نے آج تک پاکستان کے خلاف نعرے نہیں لگائے ۔آرمی چیف اوروزیر اعظم آپریشن کی آڑ میں پرامن شہریوں کی گرفتاریوں کا فوری نوٹس لیں۔ محب وطن پاکستانی بنگالیوں کے شناختی کارڈ فوری جاری کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس گردی کا سلسلہ نہیں چلے گا ۔ آئی جی سندھ پولس میں بھرتی کالی بھیڑوں کے خلاف آپریشن کریں اور بے گناہ افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر نادرا نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو جماعت اسلامی سڑکوں پر آکر نادرا کے خلاف احتجاجی دھرنا دے گی۔محمد اسحاق خان نے کہاکہ پختون، بہاری اور بنگالیو ں کے نام پر ایک دفعہ پھر اس ملک میں تعصب کوہوا دی جارہی ہے اور پھر سے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازش کی جارہی ہے جو کسی طرح قبول نہیں ۔جماعت اسلامی عوام کے شانہ بشانہ ہے اور حکمرانوں کے اس ناپاک عزائم کو خاک میں ملاکر دم لیں گے ۔

عبد الرزاق خان نے کہا کہ پشتو بولنے والوں کے خلاف آپریشن کر کے ملک کی جڑوں کو کمزور کیا جارہا ہے اور شہر میں ایک بار پھر سے تعصب کی فضا پیدا کی جارہی ہے ۔پولیس میں چند کرپٹ عناصر راتوں رات چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرکے بے گناہ افراد کو جیل میں ڈال رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس گردی کے خلاف فوری نوٹس لیں اور بے گناہ افراد کے خلاف ظلم بند کروائیں۔

 لئیق احمد خان نے کہا کہ کراچی سب کا شہر ہے سب کو برابر کے حقوق ملنے چاہیے ۔ بہاریوں نے دو دفعہ ہجرت کی آج ان کو شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے محبت وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت مانگا جارہا ہے۔ پختونوں کے خلاف ایک سازش کے تحت تعصب کی فضا قائم کی جارہی ہے شہر کو ایک بار پھر تعصب کے حوالے کیا جارہا ہے ۔