ساہیوال، سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشت گرد گرفتار

172

کاونٹرٹیرزم ڈپارٹمنٹ نے ساہیوال میں کارروائی کرکے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جب کہ شدت پسندوں سے مقابلہ کے دوران ایک انسپکٹر شہید اور ڈی ایس پی سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خفیہ معلومات کی اطلاعات پر کاونٹرٹیرزم ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے دہشت گردوں کے ٹھکانہ پر چھاپا مارا اس دوران مسلح افراد نے سی ٹی ڈی کی ٹیم پر فائرنگ کردی ۔

دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں انسپکٹرفداحسین شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 2 اہلکار زخمی ہوئے۔ سی ٹی ڈی نے مقابلے کے بعد 4 شر پسندوں کو گرفتار کر لیا جب کہ دو مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اس حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہےکہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں سے اسلحہ اوردھماکا خیزمواد برآمد کرکے قبضے میں لے لیا ہے اور دو فرار دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ انسپکٹرفداحسین کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوادی گئی ہے۔