فوجی عدالتوں میں ایک سال تک توسیع کی سفارش کی ہے،آصف زرداری

145

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے فوجی عدالتوں میں ایک سال کی توسیع کے لیے9 نکاتی تجاویز پیش کردیں۔

فوجی عدالتوں کے معاملے پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے حکومت کو مندرجہ ذیل تجاویز پیش کیں۔1۔ فوجی عدالتوں کا سربراہ سیشن جج یا ایڈیشنل سیشن جج ہونا چاہیے۔2۔ سیشن جج یا ایڈیشنل سیشن جج کو متعلقہ چیف جسٹس نامزد کریں گے۔3۔ فوجی عدالتوں کو ایک سال کے لیے توسیع دی جائے۔4۔ آرٹیکل 199 کے تحت فوجی عدالتوں کے فیصلوں پر ہائی کورٹ کو نظرثانی کا اختیار ہوگا۔5۔ ہائی کورٹ 60 روز میں کیس کا فیصلہ سنانے کی پابند ہونی چاہیئیں۔6۔ گرفتار افراد کو 24 گھنٹے میں عدالت میں پیش کیا جائے۔7۔ ملزم کو کن الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا یہ بھی 24 گھنٹے میں بتایا جائے۔8۔ ملزم کو منصفانہ ٹرائل کے لیے پسند کا وکیل کرنے کا حق دیا جائے گا۔ اور 9۔ ملزم پر قانون شہادت 1984 کی شقوں کا اطلاق ہوگا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے فوجی عدالتوں سے متعلق وضاحت کے لیے تجاویز تیار کی ہیں جس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم فوجی عدالتوں کے مخالف ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قانون سیاستدانوں کے خلاف استعمال نہ ہونے کی ضمانت ممکن نہیں، ڈاکٹر عاصم پر بھی دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے، سندھ کے لیے رینجرز کا قانون بھی دوسرے صوبوں سے کچھ الگ ہے اور سندھ میں رینجرز کو دوسرے صوبوں سے مختلف اختیارات دیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ پاکستانی قوم، افواج اور ہم ایک ہیں، اتحاد کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردوں کے خلاف لڑی اور لڑتی رہے گی۔ملک کے مستقل وزیر خارجہ کی تقرری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میں نے 40 سال میں ایسی حکومت نہیں دیکھی جس میں وزیر خارجہ نہ ہو، وزیر اعظم نواز شریف کو ڈر ہے کہ کوئی وزیر خارجہ بن گیا تو وہ مقبول ہوجائے گا۔

نیشنل ایکشن پلان کے فنڈز کے حوالے سے سابق صدر نے کہا کہ لاہور میں ملتان روڈ 3 بار بن کر ٹوٹ گئی، اس کے لیے حکومت کے پاس پیسے آجاتے ہیں لیکن نیشنل ایکشن پلان پر لگانے کے لیے حکومت کے پاس پیسے نہیں، آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم فوجی عدالتوں کی مخالفت نہیں کررہے بلکہ ایک سال کی توسیع کی تجویز دے رہے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے متعلق معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جائیں گے، حکومت کو 9 نکاتی تجاویز پیش کی جائیں گی، اپنی تجاویز میں پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں میں ایک سال توسیع کی تجویز دی ہے۔