پاکستان قطر کے ساتھ دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،جنرل قمر باجوہ

166

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ قطر پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے  قطر کے وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیعہ سے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی سمیت اہم دفاعی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف پیر کے روز قطر  پہنچے  جہاں انہوں نے قطر کے وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیعہ سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی سمیت اہم دفاعی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر قطر کے وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

بعدازاں آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل محمد بن علی الخیم چیف آف سٹاف قطر آرمڈ فورسز سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

قطری چیف آف سٹاف نے علاقائی سلامتی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے  اور پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قطر کے ساتھ بہترین دفاعی تعلقات قائم ہیں۔پاکستان اور قطر کے درمیان دفاعی تعاون کی خواہش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات میںاضافہ سے جہاں دفاعی معاملات  پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے وہاں علاقائی امن  و سلامتی  اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔آرمی چیف باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاک  قطر دفاعی تعاون سے خطے کی صورتحال بہتر ہوگی۔