جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیئے جدوجہد کررہی ہے

252

جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیئے جدوجہد کررہی ہے ، جس میں ہر انسان کو اپنے حقوق ملیں اور کوئی ظالم کسی غریب پرظلم نہ کرسکے، ایسے حقیقی تبدیلی اور دیانتدار قیادت کے لیئے عوام جماعت اسلامی کی خوشحال پاکستان فنڈ میں دل کھول کرمددکریں۔ بروقت و شفاف مردم شماری وقت کی ضرورت اور ہر حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روزکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمسلم لیگ ن لیبرونگ کے نائب صدرڈاکٹرامتیازپالاری نے اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ،ان کاجھمپیرضلع ٹھٹہ سے تعلق اورمسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے بھی صوبائی عہدیداررہ چکے ہیں۔صوبائی نائب امراءمحمد حسین محنتی،عبدالغفارعمر،جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو،سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا اورضلع جام شوروکے سابق امیرحافظ محمدصالح بھرٹ بھی موجود تھے۔

انہوں کہا کہ جماعت اسلامی سیاست کوعبادت ،عوام کی خدمت اوررب کی رضا کاذریعہ سمجھتی ہے،ہم محض دعویٰ نہیں سینیٹر سراج الحق سے لیکرنعمت اللہ خان اورمرحوم عبدالستار افغانی کا دیانتدارانہ کردارایک کھلی کتاب ہے۔عوام ملک میں حقیقی تبدیلی،دیانتدارقیادت، پائدار امن اورخوشحال پاکستان چاہتے ہیں تو انہیں جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔جماعت اسلامی کی خوشحال پاکستان فنڈ مہم اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ان شاءاللہ عوام کے ایک ایک پیسے کو امانت ودیانت کے ساتھ خرچ کریں گے۔

ڈاکٹرامتیازاحمدپالاری نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی واقعی عوام کی نمائدہ جماعت ہے جس کے کسی ایک فردپربھی کرپشن کا الزام اورنہ ہی پانامہ لیکس میں نام شامل ہے۔سہون سانحہ میں ہماری پالاری برادری کے 12افراد شہید ہوگئے،سینیٹر سراج الحق واحد قومی لیڈر تھے جنہوں نے اپنے ساتھیون کے ساتھ نوری آباد پہنچ کرمتاثرہ خاندانوں سے تعزیت اوردلجوئی کی۔ سراج الحق اوراس کی ٹیم کے دیانتدارانہ و عوامی کردار نے ہمیں متاثرکیا جس کی وجہ سے میں اپنی برادری سمیت جماعت اسلامی کے قافلے میں شامل ہوا ہوں ۔ان شاءاللہ سراج الحق کے کرپشن سے پاک اوراسلامی پاکستان کے وژن کو پوراکرنے کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

ڈاکٹرمعراج الہدیٰ نے ڈاکٹرامتیازپالاری کو براداری سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت پران کا خیرمقدم کیا اورمطالبہ کیا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق سانحہ سیہون کے شہداء کے لواحقین کو معاوضہ اور زخمیوں کا سرکاری طور پر معیاری و مکمل علاج کرایا جائے۔