حافظ نعیم الرحمن اور کارکنوں نے دوسرے دن بھی شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کنٹرول کیا

214

جماعت اسلامی اورالخدمت کے تحت رین ایمرجنسی کے سلسلے میں شہر میں دوسرے روز بھی امدادی سر گرمیاں جاری رہیں اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور الخدمت کے رضا کا روں نے بعد نمازِ عصر تین تلوار چورنگی کلفٹن میں ٹریفک کنٹرول کر نے کی ذمہ داری ادا کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے ٹریفک کنٹرول کر نے والوں کے ساتھ کام کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے اس مو قع پر میڈ یا کے نمائندوں نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ہم نے دو روز قبل جس رین ایمر جنسی اور امدادی سر گرمیوں کا اعلان کیا تھا اس پر عمل در آمد کر رہے ہیں ۔آج بھی پورے شہر میں جماعت اسلامی کے کارکنان عوامی خدمت میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا دعویٰ کر نے والے آج کہیں نظر نہیں آرہے لیکن جماعت ا سلامی کے کارکنان میدانِ عمل میں مو جود ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی متنبہ کیا تھا کہ بارشوں سے قبل ہی شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام اور نکاسی آب کا بندو بست کیا جائے ۔ اس سلسلے میں ہم نے کمشنر کراچی شعیب کراچی سے ملاقات کی تھی اور آج ہم نے صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ سے بھی ملاقات کی ہے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اور متعلقہ ادارے بارش سے پیدا ہو نے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دو نوں شہر کی بر با دی میں برا بر کی شریک ہیں اور آج بھی انہوں نے شہر کو لاوارث چھوڑ دیا ہے مگر جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے کل( جمعرات کو) بارش کے دوران ہمارے رضا کاروں نے الخدمت کی بسوں کے ذریعہ بڑی تعداد میں پانی میں پھنسے ہو ئے لو گوں کو ان کے گھروں تک پہنچا یا اور ٹریفک کا نظام بھی سنھبالا ۔عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور بارش کے پورے موسم میں جماعت اسلامی مر کزی دفتر ادارہ نورِ حق اور تمام ضلعی و زونل دفاتر رین ایمرجنسی کے طور پر کام کر تے رہیں گے ۔

دریں اثناءمختلف اضلاع و زونز میں بھی کارکنوں اور رضاکاروں کی ٹیمیں مصروف عمل رہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی میں گلستان جوہر ، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں الخدمت کے رضاکاروں نے ٹریفک کنٹرول کرنے او رٹریفک کی روانی کے سلسلے میں اپنی خدمات پیش کیں۔ اس موقع پر امیر ضلع شرقی یونس بارائی بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں لائنز ایریا میں ضرورت مندوں اور مستحقین میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔ امیرضلع بن قاسم کی قیادت کورنگی نمبر ڈھائی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں او ررضاکاروں نے ٹریفک کنٹرول کیا ،جبکہ داﺅد چورنگی ،بھینس کالونی اور کورنگی نمبر 5میں بھی رضاکاروں کی ٹیمیں موجود رہیں اور نوجوانوں نے شدید رش کے دوران ٹریفک کنٹرول کرنے کی ذمہ داری سنبھالی ۔

ضلع غربی میں الخدمت ہسپتال اور نگی سے متصل ایک ایمر جنسی میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا اور دفتر ضلع غربی میں رین ایمر جنسی سینٹر نے بھی کام شروع کردیا ہے۔ امیر ضلع غربی عبدالرزاق خان نے میڈیکل کیمپ اور ایمر جنسی سینٹر کا افتتاح کیا او رکارکنوں و ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ ضلع وسطی کی اہم شاہراہوں اور سڑ کوں پر بھی رضا کاروں کی ٹیمیں موجود ہیں۔