بھارت مقبوضہ کشمیرمیں پونچھ اور راجوری کے اضلاع میں کنٹرول لائن پر فضائی نگرانی خاص طور پرجاری جدوجہد آزای سے وابستہ لوگوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے امریکی ساختہ ڈرون طیارے تعینات کررہا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہاگیاہے کہ ان ڈرون طیاروں کاکمانڈ اینڈ کنٹرول ڈیٹا سینٹر سرینگر میں قائم کیاگیا ہے ۔ ڈرون سے حاصل ہونے والی معلومات نگرانی اورپروسیسنگ کے بعد کنٹرول لائن پر تعینات فوجی دستوں کو فراہم کی جائیں گی ۔
بھارت کے اسرائیلی ساختہ ڈرون طیارے صرف نگرانی کیلئے ہی استعمال کئے جاسکتے تھے تاہم بھارت مسلح ڈرون کے حصول کے ذریعے کنٹرول لائن کے پار علاقوں میں حملے کی صلاحیت بھی حاصل کر سکتا ہے ۔
گزشتہ سال جولائی میں پاکستانی فوج نے آزادکشمیر کے علاقے میں بھارت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تھا۔یہ ڈرون فضاسے تصاویر لینے کیلئے استعمال کیاجاتا تھا۔ امریکی ساختہ ڈرون طیارے فضا میں 18گھنٹے تک پرواز کرنے کے علاوہ 35 سو پاؤنڈ وزنی گولہ بارود لے کر ہزاروں فٹ کی بلندی تک پرواز کرسکتا ہے ۔
بھارت نے گزشتہ سال جون میں امریکا سے 22گارڈین ڈرون کی فروخت کی درخواست کی تھی ۔یاد رہے کہ امریکا نے بھارت کو جدید فوجی ٹیکنالوجی تک رسائی دے رکھی ہے اوراسے میزائل ٹیکنالوجی ریجیم کی رکنیت دینے کی طرفداری کی ہے جس سے امریکی ڈرون طیاروں کی فروخت کی راہ ہموار ہو گئی ہے ۔