دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا،آرمی چیف

336

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونی والی کورکمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی ایجنسیاں پاکستان میں سیکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں خاص طور پر سی پیک کو سبوتاژکرنا چاہتی ہیں ،دشمن کے تمام مذموم عزائم کو پوری قوم کے ساتھ مل کر ناکام بنا دیا جائے گا، پاک فوج مادر وطن کی سیکیورٹی اور دفاع کےلئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی ،پاکستانی عوام اور بہادر سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، پاک فوج مردم شماری کو قومی خدمت کے طور پر انجام دے گی۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 200ویں کورکمانڈر کانفرنس جنرل ہیڈ کوآرٹر میں منعقد ہوئی جس میں داخلی سلامتی اور خطے کی صورتحال، پاک افغان سرحدی صورتحال ،لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھی غور کیا گیا ۔

آرمی چیف نے کانفرنس کے شرکاءکو اپنے حالیہ کامیاب دورہ متحدہ عرب امارات اور قطر کے دوران وہاں کی لیڈر شپ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔ کانفرنس کے شرکاءنے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کےلئے سیکیورٹی انتظامات اور حالیہ دہشت گرد حملوں کے واقعات کے بعد موثر کاروائی کرنے پر سیکیورٹی فورسز ،پولیس، انٹیلی جنس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں آپریشن ردالفساد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد دہشت گروں کے خلاف ایک جامع آپریشن ہے جو کسی خاص طبقے ،قوم اور گروپ کے خلاف نہیں ۔حالیہ آپریشنز میں پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی کے تعاون کو بھی سراہا گیا ۔نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ آپریشن ردالفساد کے ذریعے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو تیز کرنے کےلئے تمام سٹیک ہولڈز کو مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں امن واستحکام قائم کیا جا سکے ۔

ترجمان آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکاءکو حکومت کے ساتھ گزشتہ سیکیورٹی کانفرنس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جس میں پاک افغان بارڈ پر باڑ لگانے ، افغان پناہ گزینوں کی واپسی ، عدلیہ ، پولیس اور مدارس ، تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور فوجی عدالتوں کی جانب سے دہشت گردوں کو سنائی جانے والی سزائے موت کی سزاﺅں پر عمل درآمد شامل ہے ۔ کانفرنس کے شرکاءنے فوجی عدالتوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اگرچہ فوجی عدالتوں میں توسیع کیلئے معاملہ حکومت کے ساتھ حل طلب ہے ۔ اجلاس میں ڈان لیکس کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔ کانفرنس میں چھٹی مردم شماری کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مردم شماری کو قومی خدمت کے طور پر انجام دے گی ۔کانفرنس کے دوران کہا گیا کہ غیر ملکی ایجنسیاں پاکستان میں سیکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں خاص طور پر سی پیک کو سبوتاژکرنا چاہتی ہیں ،دشمن کے تمام مذموم عزائم کو پوری قوم کے ساتھ مل کر ناکام بنا دیا جائے گا ۔

کو رکمانڈر کے شرکاءنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج مادر وطن کی سیکیورٹی اور دفاع کےلئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی ۔پاکستانی عوام اور بہادر سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔