بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر سٹیون سمتھ اور ہینڈزکامب کے خلاف درخواست دے دی

399

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا بنگلور ٹیسٹ میں ڈی آر ایس تنازع پر کسی بھی کھلاڑی کے خلاف ایکشن نہ لینے کا اعلان ہضم نہ ہوا، آئی سی سی کے اعلان کے ایک روز بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر سٹیون سمتھ اور پیٹرہینڈزکامب کے خلاف آئی سی سی کو شکایت درج کرا دی۔

بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سٹیون سمتھ اور ہینڈزکامب نے سپرٹ آف کرکٹ کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ سمتھ بھی اپنی غلطی کا اعتراف کر چکے ہیں اسلئے آئی سی سی واقع کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کرے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں سمتھ نے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہونے پر ریویو لینے کی بجائے ڈریسنگ روم کی جانب مدد کیلئے دیکھا جس سے تنازع کھڑا ہو گیا، ایمپائر نے فوری طور پر مداخلت کر کے سمتھ کو پویلین بھیجا لیکن بھارتی قائد کوہلی سیخ پا ہو گئے اور ڈھکے چھپے الفاظ میں سمتھ پر دھوکہ دہی کا الزام بھی عائد کر دیا۔

واضح رہے کہ 8 مارچ کو آئی سی سی نے واقع پر کسی بھی کھلاڑی کے خلاف ایکشن نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔