ڈیوائن سمتھ کی ٹی 20 تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری

258

سابق ویسٹ انڈین بلے باز ڈیوائن سمتھ نے ٹی ٹونٹی کرکٹ تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری جڑ دی، سمتھ نے ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز ٹورنامنٹ میں 31 گیندوں پر 11 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔

ٹی ٹونٹی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے کا عالمی اعزاز کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2013ءمیں آئی پی ایل کے ایک میچ میں 30 گیندوں پر سنچری بنا کر تاریخ رقم کی تھی۔

ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز ٹورنامنٹ میں کولون کینٹنز کے جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپننگ بلے باز ڈیوائن سمتھ سٹی کیٹک کے خلاف میچ میں قہر بن کر حریف باﺅلرز پر ٹوٹ پڑے، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلے ہی اوور میں 4 چھکے اور ایک چوکا لگا کر 28 رنز بٹورے، اس کے بعد انہوں نے جارحانہ انداز کو جاری رکھا اور 31 گیندوں پر 11 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی، سمتھ نے 40 گیندوں پر 13 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 121 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔