قومی ٹیم کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث فخر ہے،سرفراز احمد

198

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم کی نمائندگی کرنا میرے لئے باعث فخر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے نومنتخب کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کو 2019ء میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ تک براہ راست رسائی دلانا ہدف کےمقصد کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی، فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو دفاعی انداز بدل کر جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اظہرعلی کی جگہ سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے، پی سی بی حکام نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر ان کا مشکور ہوں، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے دوبارہ کامیابیوں کے سفر پر گامزن کروں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم کو 2019ء ورلڈکپ کوالیفکیشن سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے، براہ راست رسائی کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو مستقبل میں ہونے والی سیریز میں کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں 300 رنز کا ہدف بھی محفوظ نہیں، ہماری ٹیم کا ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ اچھا نہیں، کھلاڑیوں کو کھیلنے کا انداز بدلنا ہو گا اور انہیں جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔