چین نے امریکہ کو انسانی حقوق کی پامالی کے لحاظ سے دنیا کا بد ترین ملک قرار دیا ہے۔ چین کی اسٹیٹ کونسل کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے اور انسانی حقوق کے لحاظ سے یہ دنیا کا بدترین ملک ہے۔
اسٹیٹ کونسل کی یہ رپورٹ چین میں انسانی حقوق سے متعلق امریکی وزارت خارجہ کی جاری کردہ رپورٹ کے ردعمل میں جاری کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کا راگ الاپنے والا ملک امریکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا گڑھ بن چکا ہے۔چین کی اسٹیٹ کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ، امریکی عوام کو خاک خون میں نہلانے والی گولیوں کی آوازیں، مجسمہ آزادی کے پچھلی جانب سے سنائی دے رہیں اور امریکہ بھر میں نسلی تعصبات شدت اختیار کرگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، قیدیوں کے لحاظ سے امریکہ دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں ہر 1 لاکھ افراد میں سے 693 افراد جیل میں بند ہیں۔چین کی اسٹیٹ کونسل رپورٹ میں بیان کیے جانے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ میں 2014 کے دوران 22 لاکھ افراد جیلوں میں بند تھے اور7 کروڑ افراد یعنی بڑی عمر کے ہر تین میں سے1 امریکی اب تک جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔
چین کی جاری کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ میں، ڈھائی کروڑ افراد انتہائی ابتر معاشی صورتحال سے دوچار ہیں اور ہر 7 میں سے 1 شخص یعنی کوئی ساڑھے 4کروڑ افراد، غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔