ضمنی انتخاب،حلقہ پی پی 100، مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب

186

کامونکی حلقہ پی پی 100 میں ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے میدان مار لیا ۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامونکی کے حلقہ پی پی 100 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کےامیدوار چوہدری اخترعلی خان 49980 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

کامونکی کے حلقہ پی پی 100 کے ضمنی انتخاب میں تمام 113 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری اختر علی خان 49980 ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار پائے ہیں ۔ جبکہ ان کے حریف پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسان ورک 28140 کے ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔

کامونکی کے حلقہ پی پی 100 کے ضمنی انتخاب کے لئے صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی ۔ ووٹنگ کے دوران مختلف پولنگ اسٹیشنز پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم بھی ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے ۔ تاہم پولیس اور رینجرز نے حالات کو قابو میں کر لیا ۔

الیکشن کمیشن کی درخواست پر پنجاب حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی تھی ۔