سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا دورہ گوادر،پنجگور خوش آئندہے۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا لاہور میں مختلف پروگراموں میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی تعمیر کا مضبوط ارادہ بھی حب الوطنی کا اظہار ہےجبکہ بلوچستان کے حالات بہتری کی جانب چل پڑے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت بلوچستان میں سیاسی ،اقتصادی بہتری،نوجوانوں کے روزگار اور ترقی کے حوالے سے شکوک و شہبات کے خاتمہ کے لیے موثر سیاسی رابطہ کاری کرے تاکہ بلوچستان کی سرزمین پر پاکستان دشمن قوتیں ہمیشہ کے لیے ختم ہوں۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عدالتی کمیشن کی رپورٹ کو متنازع نہ بنایا جائےجبکہ سپریم کورٹ کے فاضل ججوں پر تمام جماعتوں نے اعتماد کا اظہار کیا تھا اورحکومت اپنے رویے سے اختلاف اور اعتراضات سے فساد کی راہیں کھول رہی ہے اصل مسئلہ اب بھی موجودہے کہ نظام انتخاب کی مکمل اصلاح ہو۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مکمل طور پر مالی اور انتظامی اعتبار سے با اختیار ہو اور تمام سیاسی جماعتیں عمرانی اور جمہوری معاہدہ کریں کہ وہ فردیا ان کے ٹکٹ ہولڈرز کی بے ضابطگیوں بدعنوانی اور دھاندلی کا حصہ نہیں بنیں گے۔خصوصاً انتخابی ضابطوں اور اخراجات کی حد کی پاپندی کی جائے۔
لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ایم کیوایم مکافات عمل کا شکار ہے۔ بے گناہ،مظلوم اور بے کس افراد کا خون اور انسانوں کے خون پسینے کی کمائی پر لوٹ مار ،منی لانڈرنگ کے مجرموں کو عبرتناک انجام سے دو چار کرے گی،وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آئین ،قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق مکمل غیر جانبداری سے اپنا کردار ادا کریں۔