اسٹیون سمتھ نے نیا ریکارڈ بنا لیا

199

آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز سٹیون سمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر کے 5 ہزار رنز مکمل کر لئے۔ وہ تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے والے مشترکہ طور پر دنیا کے ساتویں بلے باز بن گئے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز سابق آسٹریلوی بلے باز ڈان بریڈمین کے پاس ہے جنہوں نے 56 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ سمتھ نے بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا، اس کے علاوہ وہ 5 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے 20ویں آسٹریلوی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ سمتھ نے 2010ء میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس وقت ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے منجھے ہوئے بلے بازوں میں ہوتا ہے۔

سمتھ جمعرات کو بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے جب میدان میں اترے تو انہیں 5 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 76 رنز درکار تھے، انہوں نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور اننگز کے ابتدائی 76 رنز جوڑ کر پانچ ہزار رنز مکمل کئے، سمتھ نے 97 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

اس کے ساتھ ہی وہ تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانے والے مشترکہ طور پر دنیا کے ساتویں بلے باز بن گئے ہیں، سمتھ 5 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے 20ویں آسٹریلوی کھلاڑی ہیں، کینگروز کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز رکی پونٹنگ کو حاصل ہے جنہوں نے 13378 رنز بنا رکھے ہیں۔