ایف آئی اے اسپاٹ فکسنگ کی مکمل تفتیش کرے گی، چودھری نثار

153

وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اسپاٹ فکسنگ کی مکمل تفتیش کرے گی اور ایسے لوگوں پر زمین تنگ کریں گے جو ملک کی بدنامی کا باعث بنیں گے۔

پیر کو وفاقی دارالحکومت میں میڈیا کے نمائندو ں سے گفتگو کرتے ہوئےچودھری نثار کا کہنا تھا کہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں، چاہتے ہیں کہ پاکستان کے امیج کو جو نقصان  پہنچا ہے اس کا تدراک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پی سی بی اور ایف آئی اے میں اختلافات ہیں ، اس میں کوئی صداقت نہیں، اسپاٹ فکسنگ کا معاملہ ہمارے لیے تشویشناک اور تکلیف دہ ہے، ماضی میں تین کرکٹرز پر پابندی لگی اور انہوں نے بیرون ملک جیل کاٹی  یہ بات نہایت تضحیک آمیز اور تکلیف دہ تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسے لوگوں پر زمین تنگ کریں گے جو ملک کی بدنامی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایف آئی اے اسپاٹ فکسنگ کی مکمل تفتیش کرے گی، ایف آئی اے کو کسی ادارے کو لکھ کر دینے یا اجازت لینے کی ضرورت نہیں، کچھ اختیارات ایف آئی اے کے پاس ہیں جو پی سی بی کے پاس نہیں اور کچھ اختیارات پی سی بی کے پاس ہیں جو ایف آئی اے کے پاس نہیں۔

انہو ں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ برائی کی جڑ تک پہنچا جائے ،  اسپاٹ فکسنگ کے تانے بانے ملک سے باہر ملتے ہیں ، اس برائی کو جڑ سے ختم کرنے کیلیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے اوربکیز پاکستان میں ہوں ، دبئی میں یا بھارت میں جہاں تک پہنچ ہوگی ان تک پہنچیں گے۔