ملک بھر بشمول آزاد کشمیر ‘گلگت بلتستان میں 77واں یوم پاکستان آج بھر پور قومی جذبے سے منایا جائے گا

294

اسلام آباد /راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) ملک بھر بشمول آزاد کشمیر ‘گلگت بلتستان میں 77واں یوم پاکستان آج بھر پور قومی جذبے سے منایا جائے گا ‘اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ ایونیو میں روایتی فوجی پریڈ ہوگی۔پریڈ میں صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت وفاقی وزرا، اعلیٰ فوجی اور سول حکام شرکت کریں گے۔اس کے علاوہ غیر ملکی سفیر اورفوجی عہدیدار بھی اس موقع پر موجود ہوں گے ۔وفاقی دارالحکومت
میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کے مطابق اس بار یوم پاکستان کی پریڈ اس لیے بھی خاص ہوگی کہ عظیم دوست ملک چین کی پیپلزلبریشن آرمی کی تینوں مسلح افواج، سعودی اسپیشل فورسز کا دستہ اور ترکی کا ملٹری بینڈ ترانوں پر سر بکھیرے گا۔یوم پاکستان کی پریڈ کے لیے مسلح افواج نے فل ڈریس ریہرسل کے بعد انتظامات کو حتمی شکل دے دیے ۔پاک فضائیہ کے طیارے شاندار فلائی پاسٹ کریں گے ۔مسلح افواج میں شامل ہونے والے جدید ترین فوجی سازو سامان، نئے میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی ہوگی۔پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے جائیں گے۔پریڈ کے دوران سیکورٹی کی ذمے داری پاک فوج اوراسلام آباد پولیس کی ہوگی۔ وفاقی پولیس کے 5ہزارجوان اورافسران ذمے داریاں سرانجام دیں گے اور شہر کی تمام بڑی عمارتوں پرماہرنشانہ باز تعینات ہوں گے۔پریڈ گرانڈ کے گرد 5مدارس اورہوٹل عارضی طورپربند ہوں گے جبکہ خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ فل ڈریس ریہرسل اور پریڈ کے روزبھاری ٹریفک کا اسلام آباد میں داخلہ بند ہوگا اور جڑواں شہروں میں موبائل سروس اور میٹروبس سروس معطل رہے گی ۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے یوم پاکستان کے موقع پرقوم کو مبارک باد پیش کر تے ہو ئے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ 23مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ میں لازوال دن ہے، اس دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن حاصل کیاجس کے لیے وہ کافی عرصے سے کوششوں میں مصروف تھے ، باہمی اتحاد و اتفاق اور مخلص قیادت کے زیر سایہ کام کرتے ہوئے ناممکن کو بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں آزاد ہیں اور انہیں برابر کے حقوق حاصل ہیں۔پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا کررہا تھا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادر عوام کے تعاون سے اس کامکمل خاتمہ کیا ۔آئیے اس دن عہد کریں کہ ہم ملک میں قیام امن معاشرے میں رواداری اور برداشت کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ پاکستان معاشی ترقی کا مرکز بن چکا ہے ،ہم اپنے آباؤاجداد تحریک پاکستان کے قائدین کے نقش قدم پر عمل کرتے ہوئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے ساتھ ساتھ اسے ترقی کی شاہراہ پر بھی گامزن کرسکتے ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم پاکستان نے موقع پر ملک کو فسادیوں سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے۔جنرل باجوہ نے کہا ہے کہ 23مارچ 1940ء کو ہم نے پاکستان بنانے کا عہد کیا اور ہم کامیاب ہوئے،انہوں نے کہاکہ آئیے آج پھر عہد کریں کہ ہم پاکستان کو فسادیوں سے پاک کریں گے یہ ہم سب کا پاکستان ہے۔