جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغان حکام کے ساتھ ملکر سرحدی انتظامات بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور موثر سرحدی نظام دونوں برادر اسلامی ملکوں کے مفاد میں ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیا ن کے مطابق ہفتے کے روز پاک آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند، اورکزئی ایجنسی میں پاک افغان سرحد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو سرحدی سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ آرمی چیف کوپاکستانی پوسٹوں پرحالیہ دہشت گردحملوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےطالبان کمانڈردُران سمیت 5دہشتگردوں کی ہلاکت پرجوانوں کی تعریف کی اور ان کی کارگردگی کو سراہا۔ چیف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسزفسادیوں سےملک کوپاک کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلیوں ،پُرامن پاکستانی قوم کےتحفظ کیلیےہرممکن اقدامات کیے جائینگے۔
بعدازاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوران اورکلایا میں بھی فوجی دستوں سے ملاقات کی اورجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔