جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کو بے نقاب کیا ہے ،حافظ نعیم

181

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کارکنان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام کارکنان بھرپور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں اور شہریوں کو درپیش مسائل و مشکلات سے نجات دلائیں ۔ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کو بے نقاب کیا ہے اور یہ جدوجہد بھرپور انداز سے جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا پانچوں اضلاع و زونز کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے  کہنا تھا کہ جماعت اسلامی شہر بھر میں یکم اپریل سے شہری مسائل کے حل کے حوالے سے رابطہ عوام مہم کا آغاز کرے گی، کراچی کے شہری اب مزید اووربلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔کراچی کے عوام کے حق اور کے الیکٹرک ، نیپرا اور حکومت کے گٹھ جوڑ اور ملی بھگت کے خلاف 31مارچ کوشاہراہ فیصل پر ایک زبردست اور بھرپور احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ،اگر عوام کے حقوق کے حصول کی راہ میں روکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی یا عوام کا دھرنا روکا گیا تو شہر بھر میں جگہ جگہ احتجاج کی کال دیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک ٹیکس چور ادارہ ہے ۔ ڈبل بنک چارجزاور میٹر رینٹ کے نام پرکراچی کے عوام سے اربوں روپے وصول کیے جاچکے ہیں ۔ کے الیکٹرک کو جو سبسیڈی دی جاتی ہے وہ عوام کو نہیں ملتی اس کا فائدہ کے الیکٹرک کو پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتی پارٹیاں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج نہیں ہونے دیتی تھی صرف جماعت اسلامی نے عوام کے حق کی جنگ لڑی ہے ہم سپریم کورٹ بھی گئے ہیں اور نیپرا کے اجلاس میں بھی بطور فریق عوام کا مقدمہ پیش کیا ہے ۔

انہوں نے  کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کو بے نقاب کیا ہے اور یہ جدوجہد بھرپور انداز سے جاری رہے گی ۔ عوام کے ساتھ دھوکہ اور فراڈ کیا جارہا ہے ۔ ہم لوٹ کھسوٹ کے اس راج کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ان کا جائز حق دلائے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار کے روز ادارہ نور حق میں 31مارچ کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے دھرنے کی تیاریوں اور جائزے کے حوالے سے کیا ۔ اجلاس سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، سکریٹری کراچی عبد الوہاب نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر امراء اضلاع عبد الرزاق خان ، یونس بارائی ، عبد الجمیل ، عبد الرشید ، منعم ظفر خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔