اسپاٹ فکسنگ کیس: محمد عرفان 1 سال کے لئےمعطل

188

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل قومی ٹیم کے باولر محمد عرفان پر 1 سال کی  پابندی  اور اس کے ساتھ دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈائریکٹر نے محمد عرفان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں انھوں نے بتایا کہ محمد عرفان نے بکیوں سے رابطے سے متعلق بورڈ کو آگاہ نہیں کیا تھا ۔ انھوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے جس پر پی سی بی نے محمد عرفان پر ایک سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ ان پر دس لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی میڈیا ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ محمد عرفان کی سزا دو حصوں میں تقسیم کی گئی ہے اگر کھلاڑی نے چھ تک پی سی بی کے قواعد و ضوابط پر عمل کیا تو ان پر سے اگلے چھ ماہ کی پابندی  ختم کردی جائے گی جبکہ پابندی کے دوران محمد عرفان کا سینٹرل کانٹریکٹ بھی معطل رہے گا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد عرفان نے کہا کہ اپنی غلطی تسلیم کرتا ہوں اور قوم سے معافی مانگتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے دو بکیز نے رابطہ کیا تھا جن کو شٹ اپ کال دے دی تھی اور ان کی کوئی بات نہیں مانی تھی مگر میں پی سی بی حکام کو بکیوں کے رابطے کے متعلق بتا نہیں سکا جس پر میں قوم سے معافی مانگتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ قوم مجھے معاف کر دے گی۔