نجمی عالم کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات

239

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نجمی عالم نے دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور ،آنے والے بلدیاتی انتخابات اور شہر کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے راشد ربانی ،وقار مہدی، ندیم بھٹو ،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، ڈپٹی سیکریٹری انجینئر صابر احمد ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری موجود تھے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق آمد پر پیپلز پارٹی کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق ہوا کہ بلدیاتی انتخابات اور سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے مزید ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ملک کی اقتصادی شہہ رگ اور منی پاکستان ہے، آج شہر میں ایک جانب امن و امان کا مسئلہ ہے تو دوسری جانب بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی اور نااہلی نے عوام کی زندگی عذاب بنادی ہے آج شہر بھر میں پھیلے شہری و بلدیاتی مسائل دراصل بلدیاتی انتخابات کے عدم انتخابات کی وجہ سے ہیں۔

صوبائی وزیر بلدیات نے ادارہ نور حق کا دورہ کیا اس وقت بھی ہم نے ان سے کہا تھا کہ ہم بارشوں کے دوران انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیا رہیں، جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی شہرکی خدمت کی ہے اور اب بھی ہم شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیا رہیں ۔اس موقع پر نجمی عالم نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات سے اتفاق کیا کہ شہر کی ترقی کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔