شام کے خانہ جنگی کے شکار وسطی شہر حمص کی نواحی بستی سے امن ڈیل کے تحت شامی باغیوں کا تیسرا دستہ اپنے خاندان کے ہمراہ روانہ ہو گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق حمص میں سے باغیوں کا انخلا روس کی ثالثی میں طے پانے والی ڈیل کا نتیجہ ہے۔ حمص کے نواحی علاقے الوائر سے پندرہ بسیں باغیوں کے تیسرے دستے میں شامل چھ سو افراد کو لے کر شمال مغربی صوبے اِدلِب کی جانب روانہ ہو گئیں۔
قبل ازیں گزشتہ ماہ شامی باغیوں کے دو بڑے گروپ ترک شامی سرحد پر واقع قصبے جرابلس کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ الوائر کو حکومتی فوج نے پانچ ماہ قبل محاصرے میں لیا تھا۔ حمص شہر پر صدر بشار الاسد کی حامی فوج نے 2014ء میں دوبارہ قبضہ کیا تھا۔