غزہ ، اسرائیلی فوج کی جنین کے مختلف علاقوں میں جارحیت

200

اسرائیلی فوج نے پیر کو غرب اردن کے شہر جنین کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج نے غرب اردن کے شہر جنین کے مغرب میں السیلہ، الحارثیہ، الیامون اور حیفا روڈ کے بعض علاقوں پر حملہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فوجیوں نے اسی طرح حیفہ روڈ پر تجارتی علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے علاقے میں ایک چیک پوسٹ بھی قائم کی۔ فوجیوں نے مسجدالاقصی کے جنوب میں سلوان کے علاقے سے تین فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ اسی طرح غرب اردن کے شہر بیت اللحم کے علاقے کرکفہ میں ایک مکان پر حملہ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔

دوسری جانب اسرائیلی حکومت کی پارلیمنٹ کی داخلی کمیٹی نے ایک نسل پرستانہ اقدام کے تحت فلسطینی آبادی کے علاقوں میں فلسطینیوں کے مکانات مسمار کرنے سے متعلق اقدامات میں تیزی لانے کے لئے ایک قانون کی منظوری دی ہے۔ یہ قانون پانچ اپریل کو پارلیمنٹ کے عام اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا اور منظوری کے چھے ماہ بعد اس پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔