کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت میں گائے کی خاطر انسانوں کا قتل انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کو نظر نہیں آتا۔ ہندو انتہا پسندوں کی کارروائیوں پر بھارت سرکار کی خاموشی ان کی سرپرستی کے مترادف ہے۔ کشمیر، برما، شام و فلسطین میں بہتا لہو مسلمانوں کا ہے، اس لیے شرمناک خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ مشرکین قریش اور مشرکین ہند کے طور طریقے یکساں ہیں۔ مسلمانوں کی راہ میں رکاوٹوں سے اسلام کا راستہ روکنے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ نظریہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے بھی ناکام رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جمعے کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ ناقابل برداشت ہے۔(باقی صفحہ 9 نمبر 33)
بی جے پی حکومت ہندو انتہا پسندوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔ ایک عرصے سے کشمیر، برمااور شام و فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے، جس پر سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ان حالات میں مسلم ممالک کا خود آگے بڑھ کر اپنے مسائل حل کرنا ضروری ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنی نظریاتی شناخت پر قائم نہ رہنے کی وجہ سے مزید مشکلات میں مبتلا ہوں گے۔ ہماری نظریاتی پہچان لا الہ الا اللہ ہے، اس بنیاد پر ہی پاکستان قائم رہے گا۔ جماعت الدعوۃ کی ’’نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان‘‘ مہم کا مقصد بھی سیکولر حلقوں کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا سدباب کرنا ہے۔
مزمل ہاشمی