شہر میں جہاں جہاں بھی پارکوں کے ٹھیکے دیے گئے ہیں یا انہیں تجارتی استعمال میں لیا گیا ہے,میئر کراچی وسیم اختر

136

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں جہاں جہاں بھی پارکوں کے ٹھیکے دیے گئے ہیں یا انہیں تجارتی استعمال میں لیا گیا ہے، یہ سارے ٹھیکے ختم کریں گے اگر ہمارے لوگ اس میں شامل ہوئے تب بھی ان ٹھیکوں کو ختم کرنے سے کوئی روک نہیں سکے گا، پارکوں میں اب شادی لانز نہیں بننے دیے جائیں گے، ہمارے پاس جیسے بھی وسائل اور اختیارات ہیں جوکہ نہ ہونے کے برابر ہیں انہی میں رہتے ہوئے شہر کی بہتری کے لیے کام کریں گے، باغ ابن قاسم کی از سر نو تعمیر کا آغاز کردیا ہے 200 افراد اس کام پر مامور کیے گئے ہیں پارک کی تعمیر کے پہلے مرحلے میں گزشتہ8 سال کا کچرا صا ف کیا جائے گا جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں سبزہ کاری اور تعمیراتی کام کیے جائیں گے اور اس پارک کو ایک بار پھر شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جمعہ کی سہ پہر باغ ابن قاسم کلفٹن کے دورے پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ساتھ تھے ، انہو ں نے کہا کہ پارک میں فراہمی آب اور بجلی کا نظام درست کیا جائے گا ، ناکافی وسائل کے باوجود اس پارک کو دوبارہ سرسبز و شاداب پارک بنانے کابیڑا اٹھایا ہے، حکومت سندھ سے التجا ہے کہ اب بس کردیں اور رحم کریں، گزشتہ 8 سال میں تمام ادارے تباہ کردیے گئے جس میں ایڈمنسٹریٹرز کا بھی کردار تھا اور سیاسی لوگ بھی شامل تھے پوری کوشش کریں گے کہ تباہ حال اداروں کو جلد از جلد اپنے پیروں پر کھڑا(باقی صفحہ 9 نمبر 20)
کرسکیں، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم کے لیے شہر کے مایہ ناز آرکیٹیک کی خدمات بعد میں حاصل کی جائیں گی، میئر کراچی نے کہا کہ جتنی بھی سیاسی جماعتیں کراچی میں ہیں انہیں ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے پارکس ڈپارٹمنٹ کو بہتر بنایا جائے گا اور سارے غیر قانونی ٹھیکے ختم کیے جائیں گے، ہمارے جتنے اختیارات ہیں سب کو معلوم ہیں، کچرا اٹھانے کے ساتھ ساتھ پارکس اور کھیل کے میدانوں کو تجاوزات سے پاک اور بہتر بنانے پر کام جاری ہے جو غلط کام کرے گا اس سے باز پرس کریں گے اور سسٹم کو درست کریں گے، باغ ابن قاسم میں سیکورٹی انتظامات ضروری ہیں یہاں سٹی وارڈنز تعینات کریں گے تاکہ لوگ بلا خوف وخطر اپنی فیملی کے ہمراہ تفریح کے لیے یہاں آسکیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ جس محکمے میں جتنی افرادی قوت ہے اس سے بھر پور طریقے سے کام لیا جائے اور وسائل کا استعمال ہر ممکن احتیاط اور سوچ سمجھ کر کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ان کاموں کے لیے ہم کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتے تاہم اتنا ضرور کہہ سکتے ہیں کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے کم سے کم وقت میں ان کو مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ باغ ابن قاسم کی مینٹی ننس 2016-17 ء کا ٹھیکا کن لوگوں کے پاس تھا، ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے انہیں اس پارک کی حالت کو بہتر کرنا تھا ،یہ دیکھ کر دکھ اور افسوس ہورہا ہے کہ یہاں سمندر کی ریت اُڑ رہی ہے اور پاکستان کے سب سے بڑے اس پارک کودیکھ کر ہر شخص یہ سوال کرنے پر مجبور ہے کہ کراچی کے شہریوں کی یہ سہولت ان سے کیوں چھینی گئی؟
میئر کراچی