متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا پیپلز پارٹی کے خلاف وائٹ پیپر لندن قیادت کے مشن کا حصہ ہے,پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماؤں

57

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماؤں نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا پیپلز پارٹی کے خلاف وائٹ پیپر لندن قیادت کے مشن کا حصہ ہے، متحدہ اپنے بانی کی وراثت کو پھر سے زندہ کرنے کی کوشش کررہی ہے، نفرت کی سیاست کو بحال نہیں ہونے دیں گے، عام انتخابات میں متحدہ کو شکست نظر آرہی ہے، عوام کو گمراہ کر کے انتخابات جیتنا چاہتی ہے۔ وائٹ پیپر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جام خان شورو، سید ناصر شاہ، امداد پتافی، سید سردار شاہ و دیگر کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام پڑ ھے
لکھے اور سمجھدار ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ مہاجر سیاست کے نام پر نوجوان نسل کو مضحکہ خیز نعروں کے ذریعے تباہ کرنے کی کوشش کس نے کی۔ سندھ حکومت کوٹہ سسٹم پر دیہی اور شہری بنیادوں پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل پیرا ہے مگر ایم کیو ایم پاکستان کوٹہ سسٹم پر لسانی بنیادوں پر عملدرآمد چاہتی ہے جو کہ ناممکن ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی گراؤنڈ پر تقسیم اور تفریق میں یقین نہیں رکھتی ہے۔ سندھ کابینہ کی تشکیل پی پی کے منشور کے مطابق ہے ۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان مختلف شہروں میں اردو بولنے والوں کے بارے میں بات کر رہی ہے مگر دیہی علاقوں کے اردو بولنے والوں کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہتی۔ پی پی نے ہمیشہ انہیں قبول کیا ہے اور انہوں نے بھی پیپلزپارٹی کو قبول کیا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان منقسم ہے جبکہ ہم متحد ہیں اور لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔