سامراجی غلام عقیدہ ختم نبوت متنازع بنانے کی سازش کررہے ہیں‘ حافظ ادریس

79

لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ سامراجی قوتوں کے غلام ختم نبوت کے عقیدے کو متنازع بنانے کی سازشیں کررہے ہیں جبکہ حکمران ان سازشوں کے قلع قمع کی طرف توجہ نہیں دے رہے ،توہین رسالت کا ارتکاب کرنے والے بلاگرز کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے ،توہین رسالت کے مجرموں کو بیرون ملک بھاگ جانے کا موقع دینا خود حکومت کے کردار کو مشکوک بناتا ہے ،حکمران آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں ،رسول اللہ ؐ کی عزت و حرمت کی حفاظت ہر صاحب ایمان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اگر حکمران ختم نبوت کے متفقہ قانون کو تبدیل کرنے کی ناپاک جسارت کا حصہ بنے توایک دن کے لیے بھی انہیں برداشت
نہیں کیا جائے گا۔حضور ؐکی حرمت پر ہر مسلمان اپنی زندگی نچھاور کرنا اپنے لیے دونوں جہانوں کی کامیابی اور سعادت سمجھتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اسلام حضرت محمد ؐ کی ذات اقدس سمیت تمام انبیا کی بلا تفریق عزت و حرمت کی حفاظت کا حکم دیتا ہے،حضور ؐکی شان پر حملہ یا کسی بھی پیغمبر کی اہانت برداشت نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ نبوت کا دعویٰ کرنے والے کو امت بالاجماع جھوٹااور قابل گردن زدنی سمجھتی ہے ۔توہین مذہب اور توہین رسالت کے جرم کو روکنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں کہ مجرموں کو اٹھا کر غائب کر دیا جائے ،مجرم کو قانون کے مطابق سزا دینا اور اسے قانون کے شکنجے میں لانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مغرب اسے اظہاررائے کی آزادی قرار دیتا ہے مگر اظہار رائے کی آزادی کا قطعاًیہ مطلب نہیں کہ کوئی لادین اٹھے اور اللہ کے پیغمبروں جو انسانیت کی رشدو ہدایت اور رہنمائی کے لیے آئے تھے ان کی شان میں گستاخی کرنا شروع کردے ،یہ شیطانی اظہار رائے ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ سامراجی قوتوں نے اسلام ،اسلامی تہذیب و تمدن اور خاص طور پر نبی آخر الزمان حضرت محمد ؐ کی ذات اقدس کو ہدف بنا رکھا ہے ،اسلام دشمن اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہیں ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ عالمی امن کے قیام اور دنیا کو جنگ کی آگ سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ اسلام دشمن اپنا رویہ تبدیل کریں اور تعصب سے نکل کر حقیقت پسندی کا ثبوت دیں۔