بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد جوہری تعاون کے حصول کے لیے7برس بعد 4روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئی ہیں

70

نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد جوہری تعاون کے حصول کے لیے7برس بعد 4روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 25 اہم معاہدے ہوں گے جن میں بنگلادیشی ریلوے نظام میں بہتری، ڈھاکا کو 600 میگا واٹ بجلی کی فراہمی ، بنگلا دیشی دریا کوشیارا اور بھارتی دریا جمنا پر آبی گزرگاہ کے قیام اور ڈھاکا و کولکتہ کے درمیان ہفتے میں 4ٹرینیں چلاناشامل ہے۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے د رمیان تجارتی حجم 5اعشاریہ 34 بلین ڈالر ہے جس سے بنگلا دیش کو سب سے کم فائدہ ملتا ہے۔اس دورے میں حسینہ واجد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ، صدر پرناب مکھرجی اور اپوزیشن جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی سے ملاقاتیں کریں گی۔ نریندر مودی اس موقع پر بنگلادیشی افواج کے لیے 500 ملین ڈالر کی عسکری امداد کا اعلان بھی کریں گے۔ دونوں ممالک کا میڈیا شیخ حسینہ واجد کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات کو اہم پیش رفت قرار دے رہا ہے۔شیخ حسینہ واجداس دورے میں جنرل مانک شاہ سینٹر میں بھارت کی جانب سے 71 ء کی جنگ میں جان دینے والے فوجیوں
کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بھی شریک ہوں گی۔ایسی ایک تقریب 2 برس قبل بھارتی وزیراعظم کے دورے کے موقع پر ڈھاکا میں بھی ہوئی تھی جس میں انہوں نے بنگلادیش کی پاکستان سے علیحدگی میں بھارتی افواج کے کردار کو سراہا تھا۔بنگلا دیشی وزیر اعظم نے آخری 2دن اجمیر شریف کی درگاہ پر حاضری اور بھارتی تاجروں سے ملاقاتوں کے لیے وقف کیے ہیں۔